نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی کانفرنس، بڑی سیاسی جماعتوں کی شرکت
ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے تحت اہم کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما، وکلا اور دانشور شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، جماعت اسلامی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔
تاہم تحریک تحفظ پاکستان نے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رکن فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد ملک کو درپیش سیاسی بحران کا حل تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی جماعتوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم سیاسی ایشوز پر تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری کے مطابق ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی فریضے کو ترجیح دی گئی ہے، تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر حل نکالا جا سکے۔










