وائی فائی دیواروں کے پار آپ کو دیکھ سکتا ہے، نئی تحقیق میں انکشاف

پرائیویسی کے سنگین خدشات بھی جڑ گئے۔
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 01:24pm

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وائی فائی سگنلز اب دیواروں کے پار بھی انسانی موجودگی اور حرکت کو محسوس کر سکتے ہیں۔

2022 میں کارنیگی میلون یونیورسٹی کے محققین نے ایک ایسا طریقہ ایجاد کیا جس کے ذریعے روزمرہ کے وائی فائی سگنلز کو استعمال کرتے ہوئے کمرے کے اندر لوگوں کی پوزیشن اور حرکت کو درست انداز میں معلوم کیا جا سکتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی گھر کی حفاظت، بزرگوں کی نگرانی یا ایمرجنسی سرچ اور ریسکیو میں انقلاب لا سکتی ہے، لیکن اس کے ساتھ پرائیویسی کے سنگین خدشات بھی جڑ گئے ہیں۔

محققین نے موجودہ وائی فائی روٹرز کو ڈیپ لرننگ الگورتھمز کے ساتھ تبدیل کیا تاکہ سگنلز کے انسانی جسم اور دیگر اشیاء سے ٹکرانے کے انداز کو سمجھا جا سکے۔

روایتی کیمرے یا لائیڈار پر مبنی موشن ڈیٹیکٹر کے برعکس، یہ طریقہ کسی بھی گھر یا دفتر کو اضافی ہارڈویئر کے بغیر بنیادی موشن سینسنگ سسٹم میں بدل دیتا ہے۔

سسٹم وائی فائی سگنلز میں پیدا ہونے والی خرابیوں کا تجزیہ کرتا ہے جب یہ انسانی جسم سے گزرتے یا اس کے ارد گرد بٹتے ہیں۔ ایک نیورل نیٹ ورک ماڈل کے ذریعے یہ سگنل تبدیلیاں تھری ڈی سلیوئٹس میں بدل جاتی ہیں، جس سے دیوار کے پار حرکت کرنے والے افراد کے عمل اور جسمانی حرکات جیسے بیٹھنا یا کھڑا ہونا بھی شناخت کیے جا سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی بزرگ افراد کی نگرانی یا گھر میں مشکوک رویوں کی شناخت کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے اور چونکہ یہ کیمروں پر منحصر نہیں، اس لیے ذاتی پرائیویسی کچھ حد تک برقرار رہتی ہے۔

ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وائی فائی روٹرز پہلے سے دستیاب ہیں اور سسٹم کے لیے صرف سوفٹ ویئر پروسیسنگ کی ضرورت ہے۔ اس سے کم لاگت والے اسمارٹ ہومز یا صحت کی دیکھ بھال میں یہ ٹیکنالوجی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، مثلاً بزرگ مریضوں کی نگرانی بغیر کیمروں کے۔

اس تحقیق کے ساتھ اخلاقی اور پرائیویسی کے مسائل بھی جڑے ہیں۔ اگر یہ ٹیکنالوجی غلط استعمال میں آجائے تو صرف وائی فائی سگنلز کے ذریعے آپ کی ہر حرکت ٹریک کی جا سکتی ہے۔

محققین نے کہا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور خفیہ نگرانی کے لیے نہیں بنائی گئی، مگر ممکنہ غلط استعمال کے خدشات موجود ہیں۔

کارنیگی میلون کی ٹیم پرائیویسی کی حفاظت کے فیچرز پر کام کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں یہ طاقتور ٹول محفوظ اور ذمہ دارانہ طریقے سے استعمال ہو، خاص طور پر حساس ماحول میں۔

اگر یہ ٹیکنالوجی کامیاب ہو جا تی ہے تو ہوم سیکورٹی، بزرگوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی ریسکیو اور کم لاگت والے اسمارٹ ہومز میں انقلاب آ سکتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ ضروری ہے کہ اس کا استعمال قانونی اور اخلاقی دائرے میں رہے تاکہ پرائیویسی کے مسائل نہ جنم لیں۔

wifi

Track Every Move

Through Walls

Can see People