بھائی کے الزامات کے بعد عامر خان کا معنی خیز ردعمل
بولی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے بھائی فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد پہلی بار کھل کراپنا مؤقف پیش کیا ہے۔
فلم ’میلہ‘ کی سلور جوبلی کے موقع پر عامر خان نے اپنے بھائی فیصل خان کے ان الزامات پر ردِعمل دیا ہے، جن میں فیصل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شیزوفرینیا کا مریض قرار دے کر ایک سال سے زائد عرصے تک عامر خان کے ممبئی والے گھر میں نظر بند رکھا گیا۔
بولی ووڈ ہنگامہ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نہ تو الزامات کی تفصیل میں گئے اور نہ ہی کسی پر انگلی اٹھائی۔
ان کا کہنا تھا، ’کیا کریں؟ شاید یہی میری قسمت ہے۔ انسان دنیا سے لڑ سکتا ہے، مگر اپنے ہی خاندان سے کیسے لڑے؟‘
ان الفاظ کو ان کے قریبی حلقوں میں ایک گہرا ردِعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بیان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ سال فیصل خان نے ایک پوڈکاسٹ میں نہ صرف قید رکھنے کا الزام لگایا بلکہ بعد ازاں عامر خان اور پورے خاندان سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔
اس وقت خان خاندان نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے فیصل کے دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے ڈاکٹروں کے مشورے سے اور خاندان کی اجتماعی رضامندی سے کیے گئے تھے۔
اسی گفتگو کے دوران عامر خان نے فلم ’میلہ‘ کی ناکامی پر بھی بات کی، جو انہوں نے سن 2000 میں اپنے بھائی فیصل خان کے کیریئر کو دوبارہ موقع دینے کے لیے پروڈیوس کی تھی۔ عامر نے اعتراف کیا کہ فلم کا نہ چلنا ان کے لیے ذاتی طور پر تکلیف دہ ثابت ہوا۔
ان کے مطابق، ’میری ہر فلم میرے لیے اہم ہوتی ہے۔ ’میلہ‘ کی ناکامی سے مجھے بہت دکھ ہوا۔ یہ صرف فیصل کے لیے نہیں، میرے لیے بھی مشکل وقت تھا۔ پوری ٹیم نے دل لگا کر کام کیا تھا، اس لیے مایوسی فطری تھی۔‘
واضح رہے کہ ’فلم ‘میلہ’ باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی تھی اور بعد میں فلم کے ہدایت کار دھرمیش درشن نے اس ناکامی کا الزام بھی عامر خان پر عائد کیا تھا۔
عامر خان اور دھرمیش درشن کی جوڑی نے 1996 میں ’راجہ ہندوستانی‘ جیسی سپر ہٹ فلم دی تھی، جس نے عامر کو صفِ اول کے ستاروں میں لا کھڑا کیا۔ اسی کامیابی کے بعد ’میلہ‘ کا منصوبہ بنایا گیا، مگر یہ فلم نہ صرف توقعات پر پوری نہ اتری بلکہ بعد میں اختلافات، الزامات اور خاندانی تنازع کی علامت بن گئی۔
فلم کو اکثر شعلے سے متاثر قرار دیا جاتا رہا، جبکہ اس کی شوٹنگ کے دوران تاخیر اور تخلیقی اختلافات کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں۔
فیصل خان کا مؤقف رہا ہے کہ فلم کے بعد ان کا کیریئر جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا، جب کہ عامر خان ہمیشہ اس بات کی تردید کرتے آئے ہیں۔
















