آئرلینڈ کا 2026 کے لیے اسکالر شپس کا اعلان، مکمل اخراجات آئرش حکومت اٹھائے گی
دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث طلبہ کے لیے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے، تاہم یورپ کے بعض ممالک طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔ انہی ممالک میں آئرلینڈ بھی شامل ہے، جہاں حکومت نے 2026 کے تعلیمی سال کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اسکالرشپ پروگرام خاص طور پر ان طلبہ کے لیے ہے جو معیاری تعلیم کے ساتھ بین الاقوامی تعلیمی تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر مالی وسائل ان کے لیے رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ آئرش حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ اسکالرشپس یورپی یونین اور دیگر ممالک کے طلبہ کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہیں۔
اس پروگرام کے تحت طلبہ کو انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایم ایس سے پی ایچ ڈی تک کے پروگرامز بھی اس اسکیم کا حصہ ہیں۔
منتخب ہونے والے امیدواروں کو نہ صرف تعلیم بلکہ رہائش اور روزمرہ اخراجات کے لیے بھی بھرپور مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اسکالرشپ میں سالانہ وظیفہ، مکمل یا جزوی ٹیوشن فیس کی ادائیگی، اور تحقیق کے لیے علیحدہ فنڈز شامل ہیں، جس سے طلبہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دے سکیں گے۔
اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو سالانہ 19,000 یورو بطور وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیوشن فیس 5,750 یورو سالانہ تک مکمل طور پر ادا کی جائے گی، جس میں نان ای یو فیس بھی شامل ہے۔ مزید یہ کہ طلبہ کو تحقیقی اخراجات کے لیے 3,250 یورو سالانہ بھی دیے جائیں گے۔
تعلیم کے شعبوں کی بات کی جائے تو یہ اسکالرشپ صرف سائنسی مضامین تک محدود نہیں بلکہ انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بزنس، سماجی علوم، آرٹس اور ہیومینٹیز جیسے شعبہ جات بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔ تاکہ مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے امیدوار فائدہ اٹھا سکیں۔
اسکالرشپ پروگرام میں آئرلینڈ کی کئی عالمی شہرت یافتہ جامعات شامل ہیں، جو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ جدید تحقیق، انڈسٹری لنکس اور بین الاقوامی ماحول فراہم کرتی ہیں۔ ان میں ٹرینٹی کالج ڈبلن، یونیورسٹی کالج ڈبلن، یونیورسٹی کالج کارک، یونیورسٹی آف لِمرک، مینوتھ یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف آئرلینڈ گیل وے، ڈبلن سٹی یونیورسٹی، ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی ڈبلن اور دیگر انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئرلینڈ میں تعلیم حاصل کرنے سے طلبہ کو یورپ میں کیریئر کے وسیع مواقع بھی میسر آ سکتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 مارچ 2026 تک اپنی درخواستیں آئرش گورنمنٹ کے آفیشل آن لائن اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کروائیں۔
درخواست دینے سے قبل اہلیت کے معیار، کورس کی شرائط اور متعلقہ ادارے کی گائیڈ لائنز کا بغور مطالعہ کرنا ضروری ہے۔
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت تیاری شروع کریں، اپنی تعلیمی دستاویزات، ریسرچ پروپوزل اور زبان کی اہلیت سے متعلق تقاضے مکمل کریں، تاکہ آخری تاریخ سے قبل کامیابی سے درخواست جمع کروائی جا سکے۔
جامع مالی معاونت اور عالمی معیار کی یونیورسٹیوں تک رسائی کے ساتھ، آئرش گورنمنٹ اسکالرشپ پروگرام 2026 بین الاقوامی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایک غیر معمولی موقع ثابت ہو سکتا ہے۔
















