بی سی بی نے آئی سی سی کی ڈیڈلائن دیے جانے کی خبر مسترد کردی
بنگلادیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ڈیڈلائن دیے جانے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیشی ٹیم کے میچز کے وینیو کے حوالے سے تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے اور اس معاملے پر ڈیڈ لاک ختم نہ ہو سکا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو وینیو کے حوالے سے کوئی حتمی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔
بی سی بی میڈیا کمیٹی کے ڈائریکٹر امزاد حسین نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو کسی قسم کی کوئی مخصوص تاریخ یا ڈیڈ لائن نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش نے اپنے میچز کے وینیو میں تبدیلی کی باضابطہ درخواست آئی سی سی کو دے رکھی ہے، جس پر ابھی غور جاری ہے۔
امزاد حسین کے مطابق وینیو سے متعلق حتمی فیصلہ آئی سی سی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور معاملے کو قواعد و ضوابط کے مطابق حل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کی جانب سے میچز کو سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، تاہم بنگلادیش نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔















