آغا علی دوبارہ شادی کریں گے یا نہیں؟ اداکار نے خود بتا دیا

شادی اگر کامیاب ہو تو اس سے بہتر کوئی رشتہ نہیں، آغا علی
شائع 23 جنوری 2026 09:13am

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، میزبان اور گلوکار آغا علی نے حال ہی میں اپنی دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔

ایک نجی چینل کے پروگرام میں شادی سے متعلق سوال کے جواب میں آغا علی نے کہا کہ شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے اور اگر یہ کامیاب ہو تو اس سے بہتر کوئی رشتہ نہیں۔ تاہم، بعض اوقات دو لوگ ایک ساتھ زیادہ چل نہیں پاتے تو ایسی صورت میں انسان کو آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال وہ شادی کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن مستقبل میں دوبارہ شادی ضرور کریں گے۔

آغا علی کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے ایک ساتھی کا ہونا مرد اور عورت دونوں کے لیے اہم ہے اور شادی ایک فطری اور حتمی حقیقت ہے۔ جب بھی وہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے تو اپنے مداحوں کو خود آگاہ کریں گے۔

آغا علی، سینئر اداکار آغا سکندر کے صاحبزادے ہیں اور انہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جن میں ’تمہارے ہیں‘، ’میرے بے وفا‘، ’ہلکی سی خلش‘ اور ’عشق وے‘ شامل ہیں۔ حال ہی میں وہ سکندر کے منفی کردار میں خاصے پسند کیے گئے۔

آغا علی سوشل میڈیا پر بھی خاصے متحرک ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 11 لاکھ سے زائد ہے۔

آغا علی اور حنا الطاف کی شادی مئی 2020 میں ہوئی تھی، تاہم 2022 میں ان کی علیحدگی کی افواہیں سامنے آنا شروع ہو گئیں اور 2024 میں آغا علی نے خود طلاق کی تصدیق کردی۔