خیبرپختونخوا: برفباری میں پھنسے 3 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید برفباری کے دوران برف میں پھنسے 3 ہزار 10 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا جبکہ 9 سو 42 گاڑیوں کو برف سے نکال کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 نے برفباری کے بعد کیے گئے امدادی آپریشنز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں نے تین دن تک مسلسل امدادی خدمات انجام دیں۔
اس دوران سیکڑوں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ہیوی مشینری کی مدد سے ساٹھ اہم سڑکوں اور شاہراہوں کو برف سے صاف کیا گیا تاکہ آمد و رفت بحال ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق وادی تیراہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دن رات ریسکیو آپریشن جاری رہا، جس میں مجموعی طور پر پانچ سو پینتیس ریسکیو اہلکاروں اور ایک سو نوے گاڑیوں نے حصہ لیا۔ متاثرہ اضلاع میں عوام کو فوری سہولت فراہم کرنے کے لیے بتیس عارضی ریسکیو پوائنٹس بھی قائم کیے گئے۔
ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل بلال احمد فیضی کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے مشکل موسمی حالات کے باوجود عوام کی مدد کو یقینی بنایا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے۔
ریسکیو حکام نے سیاحوں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔














