ٹی 20 ورلڈ کپ: صحافیوں کا آئی سی سی پر دباؤ کام کر گیا، بنگلادیشی صحافیوں کی فہرست طلب

بھارت نے کچھ صحافیوں کو مشروط منظوری دی تھی، بعد ازاں وہ بھی منسوخ کردی گئی
اپ ڈیٹ 27 جنوری 2026 03:03pm

مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے بنگلادیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کے معاملے پر ہونے والے احتجاج کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ مؤثر ثابت ہو گیا، جس کے نتیجے میں آئی سی سی نے بنگلادیشی صحافیوں کی فہرست طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیشی صحافیوں کی مکمل فہرست مانگ لی ہے اور ایکریڈیشن کا عمل دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس پیش رفت کو بنگلادیشی صحافیوں کے احتجاج کے بعد اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلادیشی صحافیوں کو بھارت میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کے میچز کور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم وہ سری لنکا میں ہونے والے میچز کی کوریج کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیکاٹ کے بعد بنگلادیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق نہ صرف سری لنکا بلکہ بھارت میں بھی کسی بنگلادیشی صحافی کو ایکریڈیشن نہیں دی گئی تھی۔

چیئرمین میڈیا کمیٹی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) امزاد حسین نے صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تقریباً 130 سے 150 بنگلادیشی صحافیوں نے ایکریڈیشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

امزاد حسین کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے تمام صحافیوں کی ایکریڈیشن مسترد کر دی گئی۔ کئی ایسے صحافی بھی ہیں جن کی ایکریڈیشن پہلے منظور ہو چکی تھی مگر بعد میں مسترد کر دی گئی تھی۔

بنگلادیشی میڈیا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی عام طور پر ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو بھی ایکریڈیشن دیتی ہے، چاہے ان کی ٹیم ورلڈکپ میں حصہ نہ بھی لے۔

اس صورتحال پر بنگلادیشی اسپورٹس صحافتی تنظیموں نے جلد لائحہ عمل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شامل کیا گیا ہے۔

میگا ایونٹ میں اسکاٹ لینڈ کو گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔