ٹیسٹ کرکٹ میں اہم قانون تبدیل کردیا گیا، مگر کیوں؟
میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے دن کے اختتام سے متعلق اہم قانون سمیت متعدد قوانین میں تبدیلیاں متعارف کرا دیں، نئے قوانین یکم اکتوبر 2026 سے نافذ ہوں گے اور انہیں آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی میں بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق منگل کے روز متعارف کرائے جانے والے ’لاز آف کرکٹ‘ کے نئے ایڈیشن کے مطابق قانون میں تبدیلی کے بعد ٹیسٹ میچ میں دن کے اختتامی اوور میں وکٹ گرنے کے بعد دن ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ نیا بیٹر آکر اسٹرائیک سنبھالے گا۔
ایم سی سی کی ذیلی کمیٹی برائے قانون کے مطابق اس قانون میں تبدیلی کی بڑی وجہ بیٹنگ اور بولنگ سائڈ کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور میچ میں سنسنی برقرار رکھنا ہے۔
اس تبدیلی کے متعلق ایم سی سی کا کہنا تھا کہ اگر دن کے آخری اوور میں وکٹ گرے گی تو دن ختم نہیں ہوگا۔ قانون 12.5.2 میں تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے ایم سی سی کا کہنا تھا کہ اگر فیلڈنگ سائیڈ آخری اوور میں وکٹ لیتی ہے تو بیٹنگ سائیڈ اپنا بیٹر وکٹ پر نہیں بھیجتی، یہ غیر منصفانہ عمل محسوس ہوتا ہے، جس وقت کنڈیشنز بولنگ سائیڈ کے حق میں ہوتی ہیں اس وقت اوور روک کر اگلے دن کروانا میچ سے سنسنی کو بھی ختم کر دیتا۔
ایم سی سی کے مطابق قانون میں تبدیلی کے بعد اب آخری اوور پورا کرانا ہوگا۔ اس کے علاوہ ایم سی سی نے ہٹ وکٹ اور اوور تھرو سمیت قانون میں 73 تبدیلیاں کی ہیں۔ جن کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
















