لاہور: بسنت کے دوران مختلف حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق 6 زخمی
لاہور میں بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، جہاں اسے کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ ریسکیو حکام نے ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پتنگ بازی کے دوران مختلف حادثات رپورٹ ہوئے۔ گلشنِ راوی میں آٹھ سالہ بچی ارحا کے گلے پر پتنگ کی ڈور لگنے سے وہ زخمی ہو گئی، جبکہ چودہ سالہ سلمان درخت پر چڑھ کر پتنگ اتارنے کی کوشش میں زخمی ہو گیا۔ اسی علاقے میں 45 سالہ شبیر کے چہرے اور ناک پر بھی پتنگ کی ڈور لگنے کے باعث زخم آئے۔
اس کے علاوہ لوئر مال کے علاقے میں 12 سالہ عبد الواحد چھت سے گر کر زخمی ہوا، جبکہ راوی روڈ پر ثاقب بھی چھت سے گرنے کے باعث زخمی ہو گیا۔
ڈیفنس فیز فائیو میں 21 سالہ رفیع تنویر موٹر سائیکل پر گھر واپس آ رہا تھا کہ اچانک اس کی گردن پر کٹی پتنگ کی ڈور لگی، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی اور شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
ریسکیو اداروں نے بسنت کے دوران شہریوں بالخصوص والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور بچوں کو چھتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں جیسے خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں۔














