اٹلی نے 2 بھائیوں کی بدولت ٹی 20 ورلڈکپ میں پہلی تاریخی فتح حاصل کرلی
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سترہویں میچ میں اٹلی نے 2 بھائیوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی پہلی تاریخی فتح حاصل کرلی ہے۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ممبئی میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں نیپال کی ٹیم 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، جواب میں اٹلی نے موسکا برادران کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
اٹلی کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں 73 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ممبئی میں نیپال کے خلاف یہ ٹیم بالکل مختلف روپ میں نظر آئی۔
اٹلی کے خلاف نیپال کی ٹیم سست اور محتاط بیٹنگ کے باعث 123 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ اس کے بعد اٹلی کے اوپنرز بھارئی جسٹن موسکا اور انتھونی موسکا نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا۔
یہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف دوسرا موقع تھا جب 2 بھائیوں نے ایک ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ اس سے قبل بھی دونوں بھائی اسکاٹ لینڈ کے خلاف اوپن کر چکے ہیں۔
نیپال کےبولرز اٹلی کی اوپننگ شراکت داری کو توڑنے میں ناکام رہے، دونوں موسکا برادران نے ناقابلِ شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اٹلی نے نیپال کا 124 رنز کا ہدف 12.4اوورز میں پورا کیا، جسٹن موسکا 60 اور انتھونی موسکا 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
اٹلی اپنا اگلا میچ پیر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جب کہ نیپال اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے پوائنٹس حاصل کرنے کی امید رکھے گا۔
















