بھارت: جادو ٹونے کا الزام، مشتعل افراد نے خاتون کو ایک سالہ بچے سمیت زندہ جلادیا

چار افراد گرفتار، شوہر شدید جھلس کر اسپتال میں زیرِ علاج
شائع 19 فروری 2026 03:17pm

بھارت میں ایک خاتون کو جادو کرنے کے الزام میں ایک سال کے بچے سمیت زندہ جلا دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے مغربی ضلع سنگھ بھوم میں ایک 32 سالہ خاتون جیوتی اور اس کے بچے کو مبینہ طور پر ڈائن قرار دینے کے بعد آگ لگا دی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ کمار ڈنگی پولیس اسٹیشن علاقے کے ایک گاؤں میں رات دیر گئے متاثرہ خاتون کے گھر کے باہر لوگ جمع ہوگئے اور چیخ وپکار کرنے لگے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ خاتون کے شوہر نے جب گھر سے باہر نکل کردیکھا تو لوگوں نے حملہ کردیا اور خاتون اور اس کے ایک سالہ بچے پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگادی، حملے میں  خاتون کا شوہر بھی زخمی ہوا تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور اگلے روز پولیس سے واقعے کی شکایت کی۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے خاتون اور بچہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔پولیس نے بتایا کہ خاتون پر جادو کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم شوہر کی شکایت پر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔