عدالت نے ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے

یوٹیوب چینل پر ویڈیو اپلوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی گئی
اپ ڈیٹ 23 فروری 2026 03:55pm

عدالت نے ڈکی بھائی کے عدالت نے ڈکی بھائی (سعد الرحمان) کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی۔

لاہور کی ضلع کچہری میں سوشل میڈیا شخصیت ڈکی بھائی کے خلاف جوا ایپ کی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اہم احکامات جاری کیے۔ عدالت نے ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا اور انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی۔

سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ زیر التوا کیس سے متعلق کسی بھی قسم کی گفتگو یوٹیوب چینل پر نہیں کی جائے گی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے تک اس معاملے پر عوامی بحث یا تبصرہ مناسب نہیں ہوگا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو چینل پر موجود 27 ویڈیوز پر اعتراض ہے۔ اس پر عدالت نے ہدایت دی کہ مذکورہ 27 ویڈیوز کو فی الحال ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت مکمل نہ ہو سکی اور کیس کی کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

یہ کیس سوشل میڈیا پر جوا ایپ کی مبینہ تشہیر سے متعلق ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ آئندہ سماعت پر مزید شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔