ایپسٹین فائلز میں نام آنے پر نوبیل امن کمیٹی کے سابق چیئرمین کی خودکشی کی کوشش

وہ ناروے کے وزیراعظم رہنے کے علاوہ کونسل آف یورپ کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔
شائع 25 فروری 2026 11:19am

ایپسٹین فائلز میں نام سامنے آنے کے بعد ناروے کے سابق وزیراعظم اور نوبیل امن کمیٹی کے سابق چیئرمین تھوربیورن جیگ لینڈ نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 75 سالہ تھوربیورن جیگ لینڈ نے یہ اقدام ایسے وقت میں کیا ہے جب کچھ روز قبل ان پر امریکی مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے باعث سنگین کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ناروے کی پولیس نے اسی ماہ جیگ لینڈ کے کئی گھروں پر چھاپے بھی مارے تھے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ان کے ایپسٹین کے ساتھ کئی برسوں سے روابط تھے اور انہیں مبینہ طور پر غیر ملکی دوروں اور لگژری رہائش کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔

تھوربیورن جیگ لینڈ ناروے کی اہم سیاسی شخصیت رہے ہیں، وہ وزیراعظم رہنے کے علاوہ کونسل آف یورپ کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ اور 2009 سے 2015 تک نوبیل امن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی اسپتال میں داخلے کی خبر سامنے آنے کے بعد ناروے میں میڈیا کی رپورٹنگ اور شفافیت کے حوالے سے بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے ان کے علاج کی جگہ اور مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔