فہد مصطفیٰ اور عتیقہ اوڈھو کے درمیان جھگڑا ختم

دونوں نے ایک دوسرے سے معافی مانگ لی۔
شائع 26 فروری 2026 08:46am

پاکستانی اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے حالیہ تنازع پر سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کی معذرت کے بعد ان سے معافی مانگ لی ہے۔ اس طرح دونوں فنکاروں کے درمیان تلخ نوک جھونک کو سلسلہ ختم ہو گیا۔

نجی چینل کے ایک لائیو گیم شو میں فہد مصطفی نے عتیقہ اوڈھو کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس مں کوئی شک نہیں ہے کہ آپ پاکستان کی حسین ترین خاتون ہیں۔ آپ ہماری سینیئر ہیں۔ ہم آپ کے آگے کچھ بھی نہیں ہیں ۔ ہم آپ سے بہت محبت کرتے ہیں اور میں تہہ دل سے آپ سے معافی مانگتا ہوں۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران عتیقہ اوڈھو نے فہد مصطفیٰ کی صلاحیتوں اور محنت کی تعریف کی، تاہم انہوں نے یہ رائے بھی دی کہ فہد کو اپنی عمر کے قریب اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔

اس بیان کے بعد صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب فہد مصطفیٰ کی جانب سے عتیقہ اوڈھو کے حوالے سے پلاسٹک سرجری سے متعلق تبصرہ سامنے آیا، جسے عوام اور شوبز شخصیات نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں عتیقہ اوڈھو نے معاملہ ختم کرنے کے لیے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کی بات سے فہد مصطفیٰ کو کوئی دکھ پہنچا تو وہ معذرت خواہ ہیں اور وہ اس معاملے کو عزت اور معافی کے ساتھ ختم کرنا چاہتی ہیں۔