اسرائیل کا ایرانی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

یہ پہلا موقع ہے جب ایف 35 طیارے نے کسی انسان بردار جنگی جہاز کو مار گرایا ہو۔
شائع 04 مارچ 2026 02:55pm

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے تہران کے اوپر ایرانی فضائیہ کا ایک طیارہ مار گرایا ہے۔

اسرائیلی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے ایف 35 آئی لڑاکا طیارے نے روسی ساختہ ایرانی ’یاک 130‘ طیارے کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایف 35 طیارے نے کسی انسان بردار جنگی جہاز کو مار گرایا ہو۔ اس دعوے کو اسرائیلی فوج نے اپنی تکنیکی اور آپریشنل صلاحیت کا اہم مظاہرہ قرار دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق تقریباً چالیس برس بعد ایسا ہوا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے فضا میں کسی طیارے کے ساتھ براہ راست لڑائی کی ہو۔

اس سے قبل 24 نومبر 1985 کو لبنان کی فضاؤں میں اسرائیلی ایف 15 طیارے نے دو شامی مگ 23 طیاروں کو مار گرایا تھا۔

دوسری جانب تہران ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کا ایف 35 طیارہ مار گرایا ہے۔ تاہم، آزاد ذرائع سے اس واقعے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔