سعودی عرب میں عمارت پر میزائل لگنے سے 2 افراد ہلاک

زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے: سعودی حکام
شائع 08 مارچ 2026 10:43pm

سعودی عرب کے شہر خرج میں رہائشی علاقے پر ڈرون حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے میں غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق شہر خرج میں ایک رہائشی علاقے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بھارتی اور ایک بنگلادیشی شہری شامل ہیں۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر ایک بار پھر میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام متحرک ہے اور آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ادھر کویت میں بھی ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کے بعد ہنگامی سائرن بج اٹھے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

علاوہ ازیں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اپنے بیان میں خلیجی ممالک میں ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں اور غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانا ایک بڑی غلطی ہے اور اس طرح کے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔