ڈاکٹر نبیہا کی رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کو ثالثی کی پیشکش

نبیہا علی خان نے رجب بٹ کو دوسری شادی نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2026 02:35pm

پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ ان دنوں اپنی نجی زندگی سے متعلق تنازع کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

رجب بٹ نے حالیہ دنوں میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران اپنی ازدواجی زندگی کے خاتمے کا عندیہ دیا، جس کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ کو طلاق کے کاغذات بھی بھجوا دیے۔

یہ معاملہ اس وقت مزید موضوعِ بحث بنا جب ایمان فاطمہ نے طلاق کے کاغذات کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

اس صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ رپورٹس کے مطابق طلاق کے بعد رجب بٹ کی مبینہ طور پر زہرا ملک کے ساتھ تعلقات کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم زہرا ملک نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

اس کے باوجود سوشل میڈیا پر رجب بٹ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ انہیں طلاق کے نوٹس کے اگلے ہی دن ایک پارٹی میں دیکھا گیا۔

اسی تنازع کے دوران معروف موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر نبیہا علی خان بھی اس معاملے میں سامنے آئیں اور انہوں نے رجب بٹ کو دوسری شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ایمان فاطمہ ایک اچھی اور باکردارخاتون ہیں اور وہی ان کے بیٹے کی بہتر پرورش کر سکتی ہیں۔

ڈاکٹر نبیہا علی خان کا کہنا تھا کہ ایمان فاطمہ ایسی عورت ہیں جو دولت کے پیچھے نہیں بلکہ خاندانی زندگی کو اہمیت دیتی ہیں اور وہ رجب بٹ کی محبت اورتوجہ حاصل کرنے کے لیے تکلیف میں ہیں۔ جبکہ دیگر لڑکیوں کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ رجب بٹ کی شہرت اور پیسے کی وجہ سے ان کے قریب آ رہی ہیں وہ ان کی نسل کی بھی اچھی تربیت نہیں کرسکتی ہیں۔

ڈاکٹر نبیہا نے امید ظاہر کی کہ رجب بٹ عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمان بٹ اور اپنے بیٹے کو عزت کے ساتھ گھر لے آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر دونوں فریق چاہیں تو وہ اس معاملے میں ثالثی کے لیے بھی تیار ہیں تاکہ غلط فہمیوں کو دور کر کے خاندان کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکے۔

یہ معاملہ اس وقت سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے اور صارفین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بہت سے لوگ دونوں فریقین سے نجی معاملات کو عوامی سطح پر لانے کے بجائے باہمی طور پر حل کرنے کی اپیل بھی کر رہے ہیں۔