عراق میں امریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ کے اندر میزائل حملہ

اس واقعے پر بغداد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا
شائع 14 مارچ 2026 09:26am

عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ کے اندر ایک میزائل آ کر گرا جس کے نتیجے میں سفارتخانے کے ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ واقعے کے بعد عمارت کے اوپر دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔

عراقی سیکیورٹی حکام کے مطابق میزائل حملہ بغداد میں امریکی سفارتخانے کے احاطے کے اندر موجود ہیلی پیڈ پر ہوا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ہفتے کی صبح سفارتخانے کے کمپاؤنڈ کے اوپر دھوئیں کا بڑا بادل اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔

بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کا وسیع و عریض کمپلیکس دنیا میں امریکا کی سب سے بڑی سفارتی تنصیبات میں شمار ہوتا ہے اور اس سے قبل بھی اس کمپاؤنڈ کو متعدد بار راکٹوں اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ حملے عموماً ایران سے منسلک ملیشیا گروپوں کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

تاہم اس واقعے پر بغداد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب جمعہ کے روز امریکی سفارتخانے نے عراق کے لیے لیول فور سیکیورٹی الرٹ کی تجدید کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ ایران اور ایران سے منسلک ملیشیا گروپ ماضی میں امریکی شہریوں، مفادات اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ آئندہ بھی ایسے حملے جاری رکھ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کے وسیع کمپاؤنڈ کو ماضی میں بھی ایران سے منسلک ملیشیا گروپوں کی جانب سے راکٹوں اور ڈرونز کے ذریعے متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔