پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا

پنجاب میں بارش کب اور کن کن اضلاع میں ہوگی: پی ڈی ایم اے نے بتادیا
شائع 23 مارچ 2026 09:33pm

پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 مارچ سے 25 مارچ کی صبح تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جب کہ 28 سے 30 مارچ کے دوران بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ سمیت متعدد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات اور خوشاب میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ کے علاوہ جنوبی پنجاب کے علاقوں بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کریں جب کہ سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کا سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔