کولمبیا کا 128 مسافروں کو لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ، 66 افراد ہلاک
کولمبیا کے جنوبی علاقے میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ دیگر افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
کولمبین وزارت دفاع کے مطابق ائیرفورس کا سی 130 ہرکولیس طیارہ پورٹو لیگویزامو کے علاقے سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں فوجی اہلکاروں سمیت عملے کے افراد موجود تھے۔
رائٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ مجموعی طور پر 128 افراد کو لے جا رہا تھا، جن میں 11 فضائیہ کے اہلکار، 115 فوجی جوان اور دو پولیس کے افسران شامل تھے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکالنے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا کام شروع کیا گیا۔

فائرفائٹرز کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ رن وے کے اختتام کے قریب کسی چیز سے ٹکرا گیا تھا، جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے گرتا ہوا قریبی درخت سے بھی ٹکرا گیا۔ زمین پر گرنے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور اس میں موجود ممکنہ دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا، جس سے نقصان میں اضافہ ہوا۔
کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور فوجی طیاروں کے بیڑے کو جدید بنانے کے منصوبے میں مزید تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔
وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے بھی متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری معلومات سامنے آنے تک کسی قسم کی قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔
حکام کے مطابق تمام متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔













