امریکا کی مذاکرات سے متعلق خبریں ڈوبتی معیشت کو سنبھالنے کے لیے ہیں: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں سراسر جھوٹ ہیں۔
اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے مذاکرات سے متعلق خبریں دراصل گرتی ہوئی معیشت اور عالمی آئل مارکیٹ کو سنبھالنے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب جعلی بیانیہ ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر تاثر کو تبدیل کرنا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
ان کے مطابق یہ حربے خطے میں اپنی پوزیشن بہتر دکھانے کی ناکام کوشش ہیں۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ملک کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام قومی رہنما اپنے اہداف کے مکمل حصول تک اپنی قیادت کے پیچھے ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔













