کراچی میں بادل برسنے کو تیار: ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

25 مارچ سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کراچی کے موسم پر براہِ راست اثر انداز ہوگا۔
شائع 24 مارچ 2026 03:30pm

شہرِ قائد کراچی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے، کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا قوی امکان ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں نہ صرف موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے بلکہ کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان موجود ہے۔

موسم کی موجودہ صورتحال کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں 25 مارچ سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے جو کراچی کے موسم پر براہِ راست اثر انداز ہوگا۔ اس سسٹم کے تحت کل شام سے شہر میں باقاعدہ بارش کا آغاز ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ دو وقفوں پر مشتمل ہو سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں 25 اور 26 مارچ کو بادل برسیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 28 اور 29 مارچ کو بھی شہر کے مختلف مقامات پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔