مشہور بھارتی گلوکار بادشاہ کی مبینہ دلہن کون ہیں؟
بھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز نے ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بادشاہ نے پنجابی اداکارہ ایشا ریکھی کے ساتھ ایک انتہائی سادہ اور نجی تقریب میں شادی کر لی ہے۔ تاہم تاحال دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دونوں کو دلہا دلہن کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کلپس میں بادشاہ روایتی لباس میں جبکہ ایشا ریکھی سرخ عروسی جوڑے اور روایتی زیورات کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔
بعض مناظر میں انہیں ورمالا کی رسم ادا کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، جس سے شادی کی قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔
یہ مواد ایک ایسے اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا جسے بعض صارفین ایشا ریکھی کی والدہ سے منسوب کر رہے ہیں، جہاں دونوں کو مبارکباد بھی دی گئی۔ تاہم اس کی تصدیق نہ ہونے کے باعث معاملہ اب بھی غیر یقینی ہے۔
ایشا ریکھی کا تعلق چندی گڑھ سے ہے اور وہ پنجابی فلم انڈسٹری کی ایک معروف اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ انہوں نے 2013 میں فلم ’جٹ بوائز پت جٹاں دے‘سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد وہ کئی کامیاب فلموں کے ذریعے اپنی پہچان بنائی۔
ایشا نے بولی وڈ میں فلم ’نواب زادے‘ سے قدم رکھا۔ ان کی سب سے بڑی خاصیت ان کی معصومیت اور سادگی ہے، جس کے باعث مداح انہیں بولی وڈ کی صفِ اول کی حسیناؤں کے مدمقابل قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ اور ایشا ریکھی گزشتہ چار سال سے ایک دوسرے کے قریب تھے، تاہم دونوں نے کبھی اپنے تعلق کو کھل کر تسلیم نہیں کیا۔ اب اچانک سامنے آنے والی شادی کی خبریں مداحوں کے لیے حیران کن ثابت ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بادشاہ کی پہلی شادی جیسمین مسیح سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ دونوں نے 2020 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ایک پوڈکاسٹ میں بادشاہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے رشتے کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، مگر حالات بہتر نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا تھا کہ علیحدگی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ بچے کے لیے ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بادشاہ اور ایشا کی عمر میں تقریباً 8 سال کا فرق ہے، لیکن ان کی کیمسٹری لاجواب بتائی جاتی ہے۔
ایشا نہ صرف ایک ’اسٹار وائف‘ کے طور پر ابھری ہیں بلکہ اپنی محنت اور منفرد فیشن سینس کی بدولت اپنی ایک آزاد پہچان بھی رکھتی ہیں۔ مداح اب بے صبری سے اس جوڑے کے باضابطہ اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔
















