اداکارہ دیدار کے اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات
پاکستانی پنجابی فلم انڈسٹری اور تھیٹر کی معروف سابقہ اداکارہ و رقاصہ دیدار نے اداکارہ ریشم کے خلاف سخت الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی چینل کے عید اسپیشل شو میں گفتگو کرتے ہوئے ساتھی اداکارہ ریشم پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے ریشم کو ایک ”منفی اداکارہ“ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی نہایت منفی سوچ کی مالک ہیں۔
دیدار کا کہنا تھا، ’ریشم نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ منفی کردار ادا کرنے میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کئی لوگوں کے گھر اور زندگیاں برباد کی ہیں۔‘
دیدار کے مطابق ان کا ریشم کے ساتھ ذاتی تعلق بھی رہا ہے جو کئی سالوں پر محیط تھا، مگر بعد میں انہیں ایک تلخ تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ریشم کے موجودہ دوستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے بچ کر رہیں اور خود کو محفوظ رکھیں۔
انہوں نے ریشم کی فلاحی سرگرمیوں اور کھانا پکانے کے شوق کا ذکر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ، ’میں ان کے کھانے پکانے اور خیراتی کاموں کی حقیقت سے واقف ہوں اور مجھے ڈر ہے کہ جس طرح وہ دوسروں کے لیے کھانا بناتی ہیں، کہیں ایک دن خود ہی اس میں نہ گر جائیں۔‘
واضح رہے کہ فلم ’چوڑیاں‘ سے شہرت پانے والی دیدار ماضی میں پنجابی فلموں اور تھیٹر کی ایک نمایاں فنکارہ رہی ہیں، جبکہ ریشم بھی پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔
دیدار نے اپنی بڑی بہن اداکارہ نرگس کے اصرار پر شوبز میں قدم رکھا اور شادی کے بعد انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ دیدار کچھ عرصہ قبل اپنے شوہر کے ہمراہ مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بھی خبروں میں رہی تھیں۔
















