لاہور: نسیم شاہ کا ایکس پر بیان سوشل میڈیا بلنڈر تھا: علی ترین
ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے کہا ہے کہ قومی کرکٹر نسیم شاہ کا ایکس پر بیان سوشل میڈیا بلنڈر تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس عموماً ہینڈلرز چلاتے ہیں کیونکہ اُن کے پاس خود سوشل میڈیا کے لیے وقت نہیں ہوتا۔
انہوں نے بتایا کہ میچ کے دوران بھی کھلاڑیوں کی جانب سے ٹویٹس جاری رہتی ہیں۔
علی ترین نے نسیم شاہ کے ایکس پر بیان کو سوشل میڈیا بلنڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔
اُدھر علی ترین نے شائقین کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں کل تک شائقین کے لیے اچھی خبر آنے کی توقع ہے اور امید ہے کہ جلد اسٹیڈیم میں کرکٹ شائقین کی واپسی شروع ہو جائے گی۔
ملتان سلطانز کی حالیہ جیت کے حوالے سے علی ترین نے کہا کہ وہ ٹیم کی جیت کا کریڈٹ لینا نہیں چاہتے اور کھیل کسی بھی صورت میں شائقین کے بغیر مکمل لطف نہیں دیتا۔
انہوں نے گوہر شاہ کی ٹیم بنانے کی مہارت کو سراہا اور کہا کہ کم وقت میں اچھی ٹیم تشکیل دینا قابل تعریف ہے۔
علی ترین نے پی ایس ایل کی پروڈکشن کوالٹی پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے کیونکہ اچھی پروڈکشن کے بغیر شائقین کی سپورٹ مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتی۔
علی ترین نے واضح کیا کہ ٹیم مالک کی نہیں بلکہ شائقین کی ہوتی ہے اور مالک صرف ٹیم کا کسٹوڈین ہوتا ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل کی کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ابتدائی پانچ فرنچائزرز کا اس میں سب سے زیادہ حصہ ہے اور شروع میں کسی کو بھی نہیں پتا تھا کہ لیگ اتنی کامیاب ہوگی یا نہیں۔
علی ترین نے اختتام پر کہا کہ پی ایس ایل ایک زبردست چیز ہے اور پورے پاکستان میں لوگ اسے دیکھتے ہیں۔
















