بھارتی گلوکارہ الکا یاگنک دو سال سے خطرناک بیماری میں مبتلا، نئے پروجیکٹس لینے سے معذرت

انہوں نے اس بیماری کو اپنی زندگی کا ایک بڑا اور اچانک دھچکا قرار دیا۔
شائع 31 مارچ 2026 03:52pm

مشہور بھارتی پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے ایک بار پھر اپنی صحت کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے کہ وہ اب بھی ایک نایاب سماعتی بیماری میں مبتلا ہیں، جس کے باعث وہ نئے گانے ریکارڈ نہیں کر پا رہیں۔

الکا یاگنک نے 2024 میں پہلی بار بتایا تھا کہ وہ ایک وائرل انفیکشن کے نتیجے میں ہونے والی حسی و اعصابی سماعت کی کمی کا شکار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے اس بیماری کو اپنی زندگی کا ایک بڑا اور اچانک دھچکا قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی اس بیماری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکیں، جس کی وجہ سے انہیں گانے کی نئی آفرز چھوڑنی پڑ رہی ہیں۔ ان کے مطابق، میوزک ڈائریکٹرز اب بھی ان سے رابطہ کرتے ہیں، لیکن وہ کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

اس کے باوجود، حال ہی میں انہیں بھارت کا اہم اعزاز پدما بھوشن دیا گیا، جس پر انہوں نے خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس اعزاز کی توقع نہیں تھی، لیکن یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

۔

الکا یاگنک نے موجودہ موسیقی کے رجحانات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل میوزک میں پہلے جیسی روحانیت کم ہو گئی ہے اور زیادہ تر گانے ریپ، ریمکس اور تیز دھنوں پر مبنی ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، سننے والوں کے لیے دوبارہ دل کو چھو لینے والی موسیقی آنی چاہیے۔

واضح رہے سریلی آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ الککا یاگنک نے بالی وڈ میں کئی سپر ہٹ گانے گائے جن میں اگر تم ساتھ ہو، آئے ہو میری زندگی میں ،چاند چھپا بادل میں ، جیسے متعدد گانوں کی فہرست شامل ہے۔

ان کا آخری گانا فلم امر سنگھ چمکیلا کے لیے ریکارڈ کیا گیا تھا، جسے ہدایتکار امتیاز علی نے بنایا اور موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی تھی۔