عرس میلے میں عجب کرپشن: ’پیسے نہ دیے تو سائیں ناراض ہو جائیں گے‘
ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سرور کے دربار پر عرس میلہ منسوخ ہونے کے باوجود محکمہ اوقاف کے بعض اہلکاروں کی جانب سے زائرین سے نذرانے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں عقیدت مندوں کو یہ کہہ کر ڈرایا گیا کہ اگر پیسے نہ دیے تو ’’سائیں ناراض ہو جائیں گے‘‘۔
ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سرور کے دربار پر محکمہ اوقاف کے بعض ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر قانون شکنی اور کرپشن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عرس میلہ منسوخ ہونے کے باوجود اہلکاروں نے نذرانے کے ڈبے دربار سے باہر رکھ دیے اور زائرین سے پیسے وصول کرتے رہے۔
اطلاعات کے مطابق زائرین کو مختلف حیلوں بہانوں سے قائل کیا گیا، یہاں تک کہ انہیں ڈرایا گیا کہ اگر انہوں نے نذرانہ ادا نہ کیا تو ’’سائیں ناراض ہو جائیں گے‘‘۔ بعض اہلکاروں نے آفات اور مشکلات سے بچاؤ کے نام پر بھی عقیدت مندوں سے رقم وصول کی۔
واقعے پر عوامی شکایات سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دربار کے منیجر سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میلہ منسوخی کے باوجود اس طرح نذرانے وصول کرنا نہ صرف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی عقیدت کا غلط استعمال بھی ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
















