ارجنٹینا میں آخری میچ، لیونل میسی رو پڑے
فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے لیونل میسی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ممکنہ آخری میچ کھیلتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، اس جذباتی لمحے نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو بھی اداس کر دیا۔
ارجنٹینا میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ کے آغاز سے قبل جب قومی ترانہ اور شائقین کے نعروں کی گونج اسٹیڈیم میں پھیلی، تو میسی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، جس سے یہ ظاہر ہورہا تھا کہ وہ اپنے ملک میں آخری بار کھیل رہے ہیں۔
یہ میچ ارجنٹینا اور زیمبیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں ارجنٹینا نے زیمبیا کو 0-5 سے شکست دی۔ میسی نے میچ کے آغاز سے ہی ثابت کر دیا کہ ان کی مہارت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے پہلے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جولین الواریز کو گول کرنے میں مدد دی اور پھر ہاف ٹائم سے پہلے ایک شاندار گول بھی اسکور کیا۔
38 سالہ اسٹار، جو اس وقت انٹر میامی سی ایف سے وابستہ ہیں، امکان ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بعد انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہہ دیں گے۔
وہ اس ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی قیادت کرتے ہوئے ریکارڈ چھٹی بار شرکت کریں گے۔
کھیل کے اختتام پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کی آنکھیں اس وقت نم ہو گئیں جب انہیں یہ احساس ہوا کہ یہ شاید ان کا ارجنٹائن کی سرزمین پر آخری میچ ہو سکتا ہے۔
پورے اسٹیڈیم نے کھڑے ہو کر اپنے ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک بار پھر ورلڈ کپ کی ٹرافی ملک لے کر آئیں۔
دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کی نظریں اب اس بات پر جمی ہیں کہ کیا فٹ بال کی تاریخ کا یہ عظیم کھلاڑی اپنی بڑھتی عمر کے باوجود ارجنٹائن کو ایک اور عالمی اعزاز جتوا پائے گا یا نہیں؟ ایک بات تو طے ہے کہ ارجنٹائن کی مٹی اپنے اس لیجنڈری سپوت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
















