صابن اور باڈی واش میں چھپے کیمیکلز، ماہرین نے محفوظ متبادل بتا دیا

لوگ اب اپنی جلد پر لگنے والی چیزوں کے بارے میں زیادہ محتاط ہو گئے ہیں۔
شائع 04 اپريل 2026 11:19am

گزشتہ چند برسوں میں بیوٹی اور باڈی کیئر مصنوعات کی دنیا میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

جہاں پہلے صارفین پلاسٹک بوتلوں میں موجود عام صابن اور باڈی واش خریدتے تھے، وہیں اب ان کا رحجان چھوٹے پیمانے پر تیار کیے گئے کاغذ میں لپٹے ہینڈ میڈ صابن اور قدرتی اجزاء سے بنے پروڈکٹس کی طرف بڑھ چکا ہے جو شفافیت اور جلد کی حفاظت کا وعدہ کرتے ہیں۔

2026 کے آغاز میں آن لائن سرچ ٹرینڈز میں بھی ”ہینڈ میڈ صابن“ اور ”ایسنشل آئل صابن“ جیسے الفاظ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ لوگ اب اپنی جلد پر لگنے والی چیزوں کے بارے میں زیادہ محتاط ہو گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ رجحان صرف فیشن یا خوبصورتی تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے شعور کی بیداری کارفرما ہے۔

اب لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی جلد پر استعمال ہونے والی مصنوعات میں کون سے اجزاء شامل ہیں اور ان کے جسم اور ماحول پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کیلیفورنیا میں قائم ایک زیتون فارم کے مالک اور ہینڈ میڈ صابن بنانے والے ماہر، پیٹرک مارٹن کے مطابق صارفین اب لیبل پڑھنے لگے ہیں اور سوال اٹھا رہے ہیں کہ صابن میں موجود کیمیکلز، مصنوعی خوشبوئیں اور رنگ واقعی ضروری ہیں یا نہیں۔ ان مصنوعی رنگ اور ’پرفیوم‘ کے نام پر چھپے کیمیکلز جلد پر کیا اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

زیادہ تر بڑے برانڈز کے صابن میں مصنوعی خوشبو، سلفیٹس اور کیمیکلز شامل ہوتے ہیں، جو جلد کی قدرتی نمی ختم کر دیتے ہیں اور خشک یا حساس کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پلاسٹک کی بوتلیں بھی ہر خریداری کے ساتھ فضلے میں شامل ہو جاتی ہیں۔

اس کے برعکس، ہاتھ سے بنے صابن قدرتی تیل، پودوں کے اجزاء اور ایسنشل آئلز سے تیار کیے جاتے ہیں۔

اکثر یہ کاغذ میں لپٹے ہوتے ہیں یا بغیر پیکج کے فروخت کیے جاتے ہیں، جس سے پلاسٹک کے استعمال میں کمی آتی ہے۔ ان کے اجزاء اکثر ماحول دوست طریقے سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

بہترین ہینڈ میڈ صابن کیسے منتخب کریں؟

کمرشل صابن سے ہاتھ سے بنے صابن پر منتقل ہونا آسان ہے، لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ کون سا صابن آپ کی جلد کے لیے بہتر ہے۔

سب سے پہلے اجزاء کی فہرست دیکھیں۔ ایسے صابن کو ترجیح دیں جس میں قدرتی تیل شامل ہوں یہ جلد کی قدرتی نمی ختم کیے بغیر اسے نمی اور غذائیت فراہم کرتے ہیں ۔

خوشبو کے لیے ایسنشل آئل استعمال کریں جیسے لیونڈر (راحت کے لیے)، پودینے کا تیل (تازگی کے لیے) یا سنترہ (چمک کے لیے)، جو مصنوعی خوشبو کی طرح جلد کو حساس نہیں کرتے۔

پیٹرک مارٹن کے مطابق، ”زیتون کا تیل خاص طور پر نرم ہوتا ہے اور وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے صابن میں اپنے فارم سے حاصل شدہ زیتون کا تیل استعمال کرتے ہیں۔ یہ صابن کریمی جھاگ دیتا ہے اور جلد کو خشک یا کھچکچا محسوس نہیں ہونے دیتا۔“

صابن منتخب کرتے وقت سلفیٹس (جیسے سوڈیم لورل سلفیٹ)، مصنوعی خوشبو اور مصنوعی رنگوں سے پرہیز کریں، کیونکہ یہ صرف صابن کی شکل یا شیلف لائف کے لیے ہوتے ہیں اور جلد کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

اپنی جلد کی قسم کے مطابق صابن کا انتخاب کریں۔ خشک جلد کے لیے زیتون، ایووکاڈو یا شیا بٹر والے صابن، چکنی یا مہاسوں والی جلد لے لیے ٹی ٹری آئل یا ایکٹیویٹڈ چارکول والے صابن اور حساس جلد میں بغیر خوشبو یا ہلکی خوشبو والے صابن کااستعمال مناسب ہوتا ہے۔

استعمال کے بعد اگر جلد میں کھنچاؤ، سرخی یا خارش محسوس ہو تو اس کا مطلب ہے کہ صابن بہت ہارڈ ہے۔ اچھا ہینڈ میڈ صابن جلد کو صاف، نرم اور آرام دہ رکھتا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ قدرتی اور ہاتھ سے تیار کردہ صابن کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اب اپنی جلد کے ساتھ ساتھ ماحول کی حفاظت کو بھی اہمیت دے رہے ہیں اور یہی رجحان مستقبل میں مزید مضبوط ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔