امریکا میں گرفتار دو خواتین کا قاسم سلیمانی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں: زینب سلیمانی

انہوں نے امریکی وزارت خارجہ کا دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد پروپیگنڈا ہے
شائع 05 اپريل 2026 09:08am

امریکا میں گرفتار دو خواتین کے حوالے سے سامنے آنے والے دعوؤں پر شہید ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے امریکی مؤقف کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

زینب سلیمانی کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کا ان کے خاندان یا شہید کمانڈر سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے امریکی وزارت خارجہ کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد پروپیگنڈا ہے، جس کا مقصد قاسم سلیمانی جیسی شخصیت اور ایرانی قوم کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اس حد تک گر چکا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹے بیانیے گھڑ رہا ہے، جو نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حالیہ بیان میں دو خواتین کو قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور بیٹی قرار دیتے ہوئے ان پر ایران کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔

امریکی حکام کی جانب سے ان خواتین کے گرین کارڈ بھی منسوخ کر دیے گئے، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی امریکا کی گرین کارڈ ہولڈر تھیں اور امریکا میں پُر تعیش زندگی گزار رہی تھیں۔