سی ٹی ڈی پنجاب کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 21 دہشت گرد گرفتار
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 214 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ خطرناک دہشت گرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے عبداللطیف نامی ملزم کو بھی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حراست میں لیا گیا، جسے بلوچ لبریشن آرمی سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی، ڈیٹونیٹرز، 39 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ مواد اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ دیگر گرفتار ملزمان میں ضیاء الرحمان اور دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ تمام ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔















