پانامالیکس پر بات عدالت میں ہی ہوگی ،نواز شریف

شائع 12 مئ 2016 06:13pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب پانامالیکس سے متعلق معاملات پر بات عدالت میں ہی ہوگی ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم اپوزیشن کے سات سوالوں کا دو ٹوک جواب دے دیا۔ان کا کہنا ہے کہ بات پارلیمنٹ کی بجائے عدالت میں ہی ہوگی۔ کوئی شخص کمیشن بننے کی کوشش نہ کرے،جس کام کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھا اس پر پارلیمنٹ میں بات نہیں ہوسکتی۔ اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کا سفر روکنے کا ایجنڈا ہے۔ ہمارا خاندان سیاست سے کاروبار میں نہیں بلکہ کاروبار سے سیاست میں آیا ہے۔

اپوزیشن نے وزیراعظم سے پارلیمنٹ میں آکرسوالوں کے جواب دینے کا مطالبہ پھر دہرایا لیکن وزیراعظم بھی کسی صورت جھکنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔وزیراعظم نے کسی بھی ادارے سے تحقیقات کی آپشن کو بھی یکسر مسترد کرڈالااور کہا ہے کہ نیب یا کوئی اور ادارہ اب براہ راست تحقیقات نہیں کرسکتا۔وزیراعظم نے کپتان کو انکا وعدہ یاد کرایا اورکہا کہ جب عمران خان اسپتال میں تھے تو انہوں نے ترقی کے سفر میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان کاروبار سے سیاست میں آیا سیاست میں آکر کاروبار شروع نہیں کیا۔وزیراعظم نے شکوہ کیا کہ کچھ لوگوں نے انھیں پہلے دن سے وزیراعظم تسلیم نہیں کیا۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ پاناما لیکس پرکمیشن بنے۔انہوں نے کہا کہ ہر چیز میں شفافیت لارہے ہیں جسے دنیا بھی تسلیم کرتی ہے لیکن اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کا سفر روکنے کے سوا کچھ نہیں۔