اثاثے چھپانے پر کیپٹن صدر کیخلاف ریفرنس دائر کردیا ،عمران خان

شائع 12 مئ 2016 06:18pm

فائل فوٹو فائل فوٹو

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ کیپٹن صفدر کی جانب سے اپنی اہلیہ کے اثاثوں کو چھپانے کے خلاف پی ٹی آئی نے کیس الیکشن کمیشن میں فائل کردیا ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ پاناما پیپرز جیسے معاملات پر ایکشن لینا نیب کی قانونی ذمہ داری ہے، انکا کہنا تھا کہ اگر احتساب کا ادارہ پاناما لیکس کے انکشافات پر وزیراعظم کے خلاف حرکت میں نہیں آتا تو نیب کے سربراہ جرم کا ارتکاب کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ کیپٹن صفدر نے اہلیہ کے اثاثے چھپائے، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں یہ کیس فائل کردیا ہے،قوم انتظار کررہی ہے کہ کب الیکشن کمیشن اپنے قوانین پر عمل درآمد کراتا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ طاقتور کیلئے الگ قانون اور کمزور کیلئے الگ ہے، رسول اللہ کا فرمان ہے کہ قانون کے دوہرے معیار پر کئی قومیں نیست و نابود ہو گئیں۔