پاناما لیکس:قومی اسمبلی کااہم اجلاس آج ہوگا

شائع 16 مئ 2016 08:03am

فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:پاناما لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔وزیراعظم محمد نواز شریف شرکت کریں گےاور پاناما لیکس پر پالیسی بیان دیں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف  آج قومی اسمبلی کے اس ہنگامہ خیز اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا اپوزیشن کئی روز سے مطالبہ کررہی تھی۔

حکومت نے آج وزیراعظم کے اسمبلی خطاب کی حکمت عملی بھی طے کرلی ہے پیپلز پارٹی سے بیک ڈور رابطوں کے بعد اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی واضح یقین دہانی کے بعد حکومت پرامید ہے کہ وزیراعظم کے خطاب کے دوران اپوزیشن کوئی شور شرابہ نہیں کرے گی ۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی کہہ چکے ہیں کہ  ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو بولنے کا یکساں موقع دیا جائے گا لیکن اگر کسی نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی تو اسے ایوان سے باہر نکلوا دیں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف  خطاب میں اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کریں گے جبکہ امکان ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کو دوبارہ مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن  کو مذاکرات کی دعوت بھی دیں ۔

دوسری جانب اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوگا جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔