متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ

شائع 17 مئ 2016 05:25pm

فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کا عندیہ ظاہر کیا گیا۔

متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا بائیکاٹ تو ختم کردیا لیکن میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ اپنے موقف پر قائم رہے ۔انہوں نے بتایا کہ اسپیکر نے وزیراعظم سے بات کرکے پارلیمانی کمیٹی کو آگاہ کرنے کا یقین دلایا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ستر سوالوں کے جواب چاہئیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن متحد ہے۔متحدہ اپوزیشن نے تیرہ صفحات پر مشتمل ستر سوالات بھی تیار کرلیے ہیں۔جن میں وزیراعظم کے کزن اور بزنس پارٹنر خالد سراج کے بیرون ملک اثاثوں، ملک سے باہربھیجی گئی رقوم، بیرون ملک سے لائی گئی رقوم کے بارے میں سوالات کیے گئے ہیں۔

لندن فلیٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ انیس سو ترانوے میں خریدے گئے فلیٹ کے وقت حسن نوازکی عمر سترہ سال تھی، کیا حسین نوازنے دو ہزار چار میں فلیٹ خریدا اور کیا انیس سو پچانوے اور چھیانوے میں تین اپارٹمنٹس خریدے گئے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر مشاورت ہوئی، ایاز صادق نے اپوزیشن سے پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام مانگے، انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو ایوان کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔