آرمی چیف کا بلوچستان میں ڈرون حملے پر اظہار تشویش

شائع 25 مئ 2016 10:34am
فائل فوٹو فائل فوٹو

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات  کی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان میں ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کیلئے منفی اثرات کا حامل قراردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق،آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر بھی بات چیت کی گئی۔

 جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا ڈرون حملے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے جیسے واقعات پاک امریکا تعلقات کیلئے نقصان دہ ہیں، ایسے واقعات سے انسداد دہشت گردی اورعلاقائی امن اوراستحکام کی کوششوں پرمنفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

 آرمی چیف نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں ناقابل موازنہ ہیں ۔