پاکستان نے بھی ملا اخترمنصور کی ہلاکت کی تصدیق کردی

شائع 26 مئ 2016 10:20am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد: افغان طالبان کی جانب سے نئے امیر کے انتخاب کے بعد پاکستان نے بھی ملا اختر منصورکی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا تمام تر شواہد سے یہی پتہ چلتا ہے کہ ملا اختر منصور مارے گئے ہیں۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ ملا اختر منصور کی لاش  تاحال کسی کے حوالے نہیں کی گئی اور لاش کو ڈی این اے ٹیسٹ  کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی حوالے کیا جائے گا۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملا اختر منصور کی ہلاکت سے افغانستان امن کا معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔

سرتاج عزیز نے گزشتہ ہفتے  بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کو پاکستان کی سالمیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد نے اس حوالے سے  امریکا کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ۔'یہ معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے گا'۔

سرتاج عزیز نے واضح کیا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطےکیلئےبہت ضروری ہے جو صرف مذاکرات سےہی ممکن ہے،انہوں نے خطےمیں امن کیلئے امریکا سے تعاون کا بھی مطالبہ کیا۔