دہشتگردوں کو مارنے پر پاکستان کو بھارت کا شکر گزار ہونا چاہئے،عدنا ن سمیع خان

شائع 04 اکتوبر 2016 06:33am

adnan10000000

نئی دہلی:بھارت کے معروف گلوکارعدنان سمیع خان(جن کا ابتدائی تعلق پاکستان سے ہے) ان دنوں  پاکستان میں بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے  پر بڑھ چڑھ کر بول رہے ہیں۔

بھارتی دارالخلافہ نئی دہلی میں ایک ایوارڈ کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کو بھارت کا شکر گزار ہونا چاہئے کہ انہوں نے  گزشتہ ہفتے آزاد کشمیر میں دہشت گردی کیخلاف کامیاب سرجیکل اسٹرائیک آپریشن کیا'۔

گزشتہ کچھ دن پہلے انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں بھارتی فوج کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد بھی دی تھی۔

اپنے ٹویٹر پیغام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرا پیغام دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن  کے بارے میں تھا،جس نے دونوں طرف کی عوام کو بہت دکھ پہنچایا۔

بھارتی گلوکار کے ٹویٹر پیغام جاری کرنے کے بعد پاکستانی عوام میں بہت غم و غصہ پایا جاتا تھا اور ان پرآن لائن صارفین کی جانب سے  غدار کا لیبل بھی لگا دیا گیا تھا ،اس حوالے ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے پیغام میں پاکستان کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔

عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ  میرے ٹویٹر پیغام کی لوگوں نے غلط انداز میں تشریح کی ،اورکیا وہ لوگ واقعی میں دہشت گرد ہیں جو انہیں برا لگا۔

واضح رہے کہ عدنان سمیع خان گزشتہ کافی عرصے سے بھارتی شہریت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے،بالآخر ان کی کوششیں رنگ لائیں اور رواں سال انہیں بھارتی شہریت مل گئی۔

بشکریہ :ہندوستان ٹائمز