کم کارڈیشین نے ویب سائٹ کیخلاف مقدمہ واپس لے لیا

شائع 25 اکتوبر 2016 01:55pm
File Photo File Photo

نیویارک  :امریکی ٹی وی اسٹار اورفیشن  ماڈل کم کارڈیشیئن نے نیویارک کی ایک ویب سائٹ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ واپس لے لیا۔ ویب سائٹ نے رئیلٹی اسٹار پر فرانس میں قیمتی زیورات کی چوری کا ڈرامہ رچانے کا دعویٰ کیا تھا۔

امریکی ٹی وی کی رئیلٹی اسٹار اور فیشن ماڈل کم کارڈیشیئن نےمعروف ویب سائٹ میڈیا ٹیک آوٹ کے خلاف دائرمقدمہ واپس لے لیا۔ شوبزاسٹار کے حوالے سےمشہور ویب سائٹ  میڈیا ٹیک آوٹ نے کم کارڈیشیئن سے متعلق خبر شائع کی تھی۔

ویب سائٹ کے مطابق  اداکارہ نے فرانس کے شہر پیرس میں قیمتی زیورات کی چوری کا جھوٹا ناٹک کیا اور اس ڈرامے کو بنیاد بنا کر اداکارہ نے ایک فراڈ انشورنس کا دعویٰ کیا ہے۔

اس خبر کے بعد پینتیس سالہ کم کارڈیشئن نے ویب سائٹ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا تھا،جسے اب اداکارہ کی جانب سے واپس لے لیا گیا ہے تاہم مقدمہ واپس لینے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

گزشتہ ماہ کم کارڈیشیئن  اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ فرانس میں موجود تھیں جہاں دو نامعلوم مسلح افراد  اسلحے کے زور پر قیمتی زیورات لے کر فرار ہوگئے تھے۔ فرانسیسی پولیس نے بھی ڈکیتی کی تصدیق کی تھی۔