ہرقیمت پرکشمیری بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں،آرمی چیف
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہرقیمت پرکشمیری بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بھارت کو واضح پیغام دے دیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر مذموم بھارتی جارحیت کے تناظرمیں منایا جا رہاہے، اس سال 5فروری یکجہتی کے اظہارسے بڑھ کرہے،ثابت قدمی سے بھارتی جبرکا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے،ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے عسکری قیادت بھی ساتھ کھڑی ہے۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب کیے ہوئے ہے ، وادی کوجیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کوقید کردیا گیا ، کشمیری یواین قراردادوں کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ،ہرقیمت پرکشمیری بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیرحق خودارادیت کے پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے،جنرل ندیم رضا
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہاکہ یوم یکجہتی کشمیرحق خودارادیت کے پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے ،7دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود یو این قرار دادوں پر عمل نہیں ہورہا کشمیراور پاکستان نظریاتی ،معاشرتی اور جغرافیائی اعتبار سے لازم وملزوم ہیں۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے علیحدہ علیحدہ اظہار یکجہتی کے پیغام دیے۔
پاکستان خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،نیول چیف
نیول چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی جنوبی ایشیا اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے ،کشمیری انسانی حقوق کی بدترین پامالی اوردباؤ کا شکارہیں ، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستان خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہرمشکل میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے،ایئر چیف
سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے کہا کہ غیورکشمیری عوام نے ہمیشہ بھارتی ظلم وستم کا جرات مندانہ طورپرسامنا کیا، کشمیریوں نے 5اگست کا یک طرفہ اقدام مسترد کردیا ہے ، حق خودارادیت کے حصول سے کم کسی چیزپرراضی نہیں ہوں گے، یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہرمشکل میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
