Aaj Logo

شائع 15 دسمبر 2021 02:20pm

گھر بیٹھ کرحجر اسود دیکھنا، محسوس کرنا اور بوسہ دینا ممکن ہوگیا

سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے حجر اسود ورچوئل انیشیٹیو کا افتتاح کیا ہے۔اس کا مقصد وی آر ٹیکنالوجی اور ڈجیٹل تجربات کی مدد سے حجر اسود کو ورچوئل دیکھنے، اسے بوسہ دینے اور محسوس کرنے کیلئے ’حقیقی منظر‘ جیسا ماحول فراہم کرنا ہے ۔

امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ یہ انشیٹیو ڈیجیٹل ایگزیبیشن نے ام القریٰ یونیورسٹی کے ماتحت خادم حرمین شریفین حج و عمرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنکھ، کان، ناک اور احساس کے ساتھ ورچوئل طریقے سے حجر اسود کو دیکھنے کیلئے حقیقی ماحول فراہم کرنا ہوگا تاکہ جولوگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حجر اسود پر نظر ڈالیں تو وہ خود کو اپنے پورے وجود کے ساتھ مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے سامنے محسوس کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد اس حوالے سے اپنا خواب پوراکرسکیں۔

امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ عظیم دینی اور تاریخی خزانوں سے مالا مال ہیں سعودی حکومت ’فرضی منظر‘ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کچھ اس طرح سے پیش کررہی ہے کہ اس پر حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔ حجر اسود اور اس کے اطراف کے مناظر ورچوئل سسٹم سے ممکن بنائے جارہے ہیں۔

Read Comments