Aaj Logo

شائع 03 مئ 2022 06:17pm

شیخ رشیدکی خانہ جنگی کی خواہش پوری نہیں ہوگی: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کی خانہ جنگی کی خواہش پوری نہیں ہوگی، ان جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ پیدا کرتے ہیں۔

ایک بیان میں وزیر داخلہ نے شیخ رشید کی پریس بریفنگ پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ پیدا کرتےہیں، ان کی خانہ جنگی کی خواہش پوری ہوگی نہ اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ توہین آمیز واقعے کے ماسٹر مائنڈ شیخ رشید ہیں، انہوں نے جدہ کے ہوٹل میں سازش تیار کی، گرفتاری کا خوف نہیں تو ضمانت کیوں کروا رہےہو؟ بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ ہی عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا اور اس کے حواریوں کی ملک پر چھائی ہوئی چار سالہ نحوست و بے برکتی کا خاتمہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا، وقت پر فیصلہ کرتے اور اسبملیاں تحلیل کرکے نئے انتخابات کروا دیتے لیکن الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے، قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر انتخابات نہیں ہوں گے۔

Read Comments