Aaj Logo

شائع 27 جون 2022 02:32pm

عمران خان نے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دے دی

کراچی :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نوجوانوں کے نام اہم پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ٹائیگر فورس ، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں آپ کی ضرورت ہے،ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی اور30 سالوں سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 2خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی، یہ پھر اس لئے اقتدار میں لائے گئے تا کہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں،یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے، 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج نیب اور ایف آئی اے تباہ کر دی ہے اور آگے یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے، ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دئیے اور اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے،یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے،انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میرے اوپر 9 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں، پارلیمنٹ ختم ہو گئی پنجاب میں بھی تماشا لگا رکھا ہے،یہ صرف ادارے تباہ کر کے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں سے کہتا ہوں وہ ٹائیگر فورس جوائن کریں۔

Read Comments