سکھر: مسافر کوچ الٹ گئی، 8 افراد جاں بحق، 20 زخمی

سوات سے کراچی جانے والی تیزر رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھاہی میں جاگری۔
اپ ڈیٹ 16 اگست 2022 04:53pm

روہڑی کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

روہڑی کے قریب موٹر وے پر پیالہ ہوٹل کے قریب واقع انٹر چینج کے مقام پر سوات سے کراچی جانے والی تیزر رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھاہی میں جاگری۔

حادثے کے نتیجے میں کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور کوچ میں سوار 8افراد موقع پرجان کی بازی ہار گئے، جن میں 4 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی سمیت دیگر ریسکیو کے ادارے جائے حادثہ پر پہنچے اور فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو روہڑی اسپتال پہنچایا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی روہڑی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

کوچ کے مکمل طور پر تباہ ہونے اور اس کے نیچے مسافروں کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔

انہوں نے کرینوں کی مدد سے کوچ کے ملبے کو ہٹاکر ریسکیو کے آپریشن کو مکمل کیا ۔

Read Comments