سندھ: بارشوں سے مزید 9 افراد جاں بحق، اموات کی تعداد 109 ہوگئی
سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث مکان کی چھتیں گرنے سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد بارشوں و سیلاب سے اموات کی تعداد 109 سے زائد ہوگئی۔
صوبے کے مختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچا کے رکھ دی ہے، کچے مکانات اور چھتیں گرنے سے آج بھی 9 افراد کی جانیں چلی گئیں۔
بارشوں و سیلاب سے حادثات میں اموات 109 سے زائد تک جا پہنچی ہیں۔
شکارپور میں بارش کے باعث چھتیں اور دیوار گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے۔ شہدادکوٹ میں چھتیں گرنے سے دو خواتین جان سے گئیں۔
سکھر اور کندھ کوٹ میں مکان کی چھت تلے دب کر دو بچوں سمیت تین افراد دم توڑ گئے۔
خیرپور، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں جمع بارش کا پانی تاحال نہ نکالا جاسکا، مختلف دیہاتوں میں پانی داخل ہونے سے مکینوں نے نقل مکان شروع کردی۔
لاڑکانہ میں مسلسل بارش سے شہر کی حالت ابتر ہوگئی، جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکومتی نمائندے منظر عام سے غائب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب حالیہ بارشوں سے خیرپور میں محکمے خوراک کے گوداموں اور کھلے میدانوں میں ذخیرہ کی گئی ایک لاکھ بوری گندم خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، ذخیرہ کی گئی گندم کی مالیت ستر کروڑ روپے سے زائد ہے۔