Aaj Logo

شائع 22 اگست 2022 10:44am

بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 225 ہوگئی

بلوچستان میں اموات کا سلسلہ نہ تھم سکا ، بارش اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 225ہوگئی۔

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سیلاب کی تباہ کاریوں سے مزید 9 افرادجان کی بازی ہارگئے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

صوبے بھر میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں یکم جون سے اب تک جاں بحق والوں کی تعداد 225 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: بارشوں اور سیلاب سے مزید 9 افراد جاں بحق، تعداد 216 ہوگئی

بلوچستان کا پاکستان بھر سے زمینی راستہ 4 روز سے تاحال منقطع ہے، کراچی پنجاب اور سندھ سے ملانے والی قومی شاہرائیں تاحال بحال نہ ہوسکیں ۔

آج روالپنڈی جانےوالی ٹرین بھی سبی سے آگے ٹریک زیر آب آنے کے باعث کولپور سے واپس کوئٹہ آگئی۔

ضلع قلات کے درجنوں دیہاتوں کا بھی زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے جہاں پانی زیادہ ہونےکی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 26ہزار 567 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔

بارشوں کے باعث ایک لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں اور انگور سیب کے باغات، ٹیوب ویلز بورنگ اور سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔

Read Comments