حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں: صدر مملکت

ملکی سیاست میں مذہب کارڈ استعمال کرنا اتہائی افسوسناک ہے
شائع 22 ستمبر 2022 11:53pm

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں کہ درمیانی راستہ نکالیں جس سے سب کا فائدہ ہو۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتےہوئے عارف علوی نے کہا کہ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، فوری انتخابات اچھی تجویز ہے، اگر آج بھی انتخابات کا اعلان کر دیں تو اس پر کم از کم تین ماہ لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ ملک میں شفاف انتخابات کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کا اہم کردار ہے، حکومت اور اپوزیشن کو انتخابات و معیشت پر بیٹھ کر بات کرنی چاہئے، پہلے بھی کہا اور پھر کہتا ہوں درمیانی راستہ نکالیں جس سے سب کا فائدہ ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئینی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کوئی کام کر لیا جائے تو اس سے بھی فائدہ ہوگا۔

عارف علوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ 2008 میں عدالت لے کر گیا، بیرون ملک پاکستانیوں میں سے زیادہ تر مزدور افراد ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صدر علوی کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک کی سیاست میں مذہب کارڈ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

Read Comments