Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2022 12:05pm

خاران میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشت گرد مارے گئے

بلوچستان کے ضلع خاران میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا۔

حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے خاران میں دہشت گردی کے کیمپ کا سراغ لگانے کے بعد خاران کے علاقے زیریں جنگل میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن کیا ۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے حساس ادارے کی اطلاع پر کارروائی کی، 6 گھنٹے تک جاری رہنے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے خطرناک اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جبکہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد نوشکی اور پنجگور ایف سی کیمپوں پر ہونے والے حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے۔

دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز اور اعلی سول شخصیات کو نشانہ بنانے کے لئے کیمپ قائم کررکھا تھا جہاں سے وہ نوشکی، پنجگور اور خاران کے گردونواح کے علاقوں میں اعلیٰ عسکری، سول اور معروف شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ اور بم حملوں کی منصوبہ بندی کرتے اور کاروائیاں کرتے تھے ۔

خاران میں پولیس اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ بھی یہی گروپ کرتا رہا ہے۔

واضع رہے کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان جسٹس محمد نور مسکان زئی کو بھی 3روز قبل اسی علاقے میں فاٰئرنگ کرکے شہید کردیاگیا تھا ۔

Read Comments