عمران ارشد شریف کی موت کو سیاست چمکانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں: وزیراعظم

عمران کو صبر سے جوڈیشل کمیشن کی فائنڈنگ کا انتظار کرنا چاہئے، شہباز شریف
شائع 26 اکتوبر 2022 05:35pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان ارشد شریف کی افسوسناک موت کو سیاست چمکانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

ایک ٹویٹ میں شہباز شرہف نے کہا کہ عمران نیازی ایک خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، وہ مقتول صحافی کی موت کو بھی سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان ریاستی اداروں کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں بے بنیاد الزمات لگانے کے بجائے صبر سے جوڈیشل کمیشن کی فائنڈنگ کا انتظار کرنا چاہئے۔

دوسری جانب قائد مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا انقلاب ان کی 4 سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے، ان کا لانگ مارچ کسی انقلاب نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کے لئے ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ انہوں نے ہی ارشد شریف کو بیرون جانے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ارشد شریف پاکستان میں محفوظ نہیں تھے، انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔

Read Comments